دعا ہے نیا سال پاکستان کیلئے باعث رحمت ہو،گورنر
کراچی(آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نئے سال کی آمد پر پاکستانی قوم اور اقوام عالم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔
دعا ہے کہ نیا سال پاکستان اور دنیا کیلئے باعث رحمت ہو۔سال 2024ء میں قوم نے ثابت قدمی، ایثار، حب الوطنی اور یکجہتی کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کیا۔آگے کے راستہ میں بھی مشکلات ایک عمومی بات ہوگی۔ اس وقت بھی کچھ لوگوں کو روزگار اور زندگی کی مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہم سب کو ان مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ایک دوسرے کی مدد کرکے ان مشکلات پر قابو پانا ہوگا۔ سال 2024ء میں محنت کرنے والے کسان، مزدور، اور کارباری افراد ہوں یا ملک کا دفاع کرنے والے سپاہی، مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی اپنی جگہ پر غیرمعمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ ہم انتھک جدوجہد کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہے اور تمام آزمائشوں پر پورے اترے اور زبردست کامیابیاں حاصل کیں۔ ہم اس مشکل کے سال کو یاد رکھتے ہوئے مستقبل کے لئے پرامید ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت انسانی سماج کے لئے ایک بڑا بحران غزہ پٹی میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ کے بے گناہ عوام کا قتل عام ہے ۔ امید ہے کہ 2025 ء میں عالمی رہنماو ں کی مشترکہ کاوشوں سے غزہ میں قتل عام کے خلاف اقدامات کامیاب ہوں گے ۔