دن کے اوقات میں بھی گیس ناپید ہوگئی،فاروق ستار
کراچی(آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں گھریلو صارفین کو دن کے اوقات میں بھی گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔
کراچی کے کئی علاقوں میں لوگ لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے جہاں ہر ادارہ اپنی مرضی کے مطابق جو چاہے وہ کرنے کا اختیار حاصل کرچکا ہے ۔ کراچی جو پاکستان میں سب زیادہ ٹیکس دیتا ہے اس کے شہریوں کو جان بوجھ کر تنگ کیا جارہا ہے ، شہری پہلے ہی بجلی کی جبری لوڈشیڈنگ اور پانی کی بندش سے پریشان ہیں اب اْن پر گیس کی بندش کا عذاب نہ مسلط کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس کہ عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، بتایا جائے کہ بھاری بلز بھرنے والوں کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے ؟ جب شہریوں کو گیس ہی دستیاب نہیں ہے تو بھاری بلز کیوں بھیجے جارہے ہیں؟ ۔سلو میٹراور اس جیسے دوسرے بوگس چارجز کے نام پر شہریوں سے بھاری بلز وصول کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی وزیر توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں دن کے اوقات میں گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی پر فوری نوٹس لیا جائے ۔