کشیدہ صورتحال بہتر کرنا ریاست کی ذمہ داری ،بلال سلیم
کراچی (این این آئی)ملک بھر میں کشیدہ صورتحال کا پیدا ہو جانا ایک بہت بڑی سازش کا پیش خیمہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود کشیدہ صورتحال کو بہتر کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔
حکومت فوری طور پر ایسے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرے جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔دیگر مسلم ممالک کی طرح پاکستان میں بھی حالات کو خراب کرنا اسلام مخالف قوتوں کی ایک بڑی سازش ہے ۔دہشتگردی کے ذریعے ملک کے اندرونی حالات کو خراب کیا جا رہا ہے عوام کی جان و مال عدم تحفظ کا شکار ہے ۔عوام کی جان و مال کو محفوظ کرنا بھی حکومت کی ذمہداری ہے ۔سربراہان حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے موجودہ حالات کو بہتر کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔مہنگائی بے روزگاری اور دیگر مسائل کا عوام کو روزانہ سامنا کرنا پڑتا ہے ایسے حالات میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔موجودہ حکمرانوں کو چاہیے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ملک کے حالات کی بہتری کے لیے پالیسیاں بنائیں۔پارا چنار کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں کے بھی حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے جلد بازی میں کیے جانے والے فیصلوں کے اثرات اب ملک کی عوام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ملک فرقہ وارانہ یا لسانی فسادات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔