کراچی والوں کو پانی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ،میئر
کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی والوں کو پانی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، لیاری اور کیماڑی میں رہنے والوں سے پوچھیں پانی کیا نعمت ہے۔
نیک لوگ ترازو والے بیٹھے ہیں ان سے پوچھیں پانی کی قیمت ، شاہ رسول کالونی کے پارک پر نیشنل بینک نے قبضہ کیا ہوا ہے ، نیشنل بینک سے ماضی کے کسی میئر نے نہیں پوچھا، نیشنل بینک سے ہم نے پوچھا، میں اشرافیہ کی ناراضگی مول لوں گا، کچھ لوگ پانی کامسئلہ سمجھنا نہیں چاہتے ، جب لوگ پانی کا مسئلہ سمجھ جائیں گے تو پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، گلبائی کے ٹینک سے پانی بابا بھٹ پہنچایا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیریں جناح کالونی میں سیویج پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد ، کراچی واٹر اینڈ کارپوریشن کے ایم ڈی سید صلاح الدین، سی ای او اسد اللہ خان اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔میئر نے مزید کہا کہ پمپنگ اسٹیشن کی خالی زمین پر پارک تعمیر کردیا گیا ہے ، لیاری میں ایک اور پمپنگ اسٹیشن کو فعال کریں گے ، حب سے پانی کی اضافی لائن پر تیزی سے کام چل رہا ہے تاکہ پانی کی سہولیات میسر آئیں،کراچی کا پرانا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بحال کیا ہے ۔