کینسر اسپتال اور نرسنگ کالج کی منظوری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی میں کینسر اسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے وزیر محنت و افرادی قوت شاہد عبدالسلام تھہیم کی زیر صدارت سیسی گورننگ باڈی کا 170واں اجلاس منعقد ہوا جس میں محنت کشوں، افسران، اور طبی شعبہ کی بہتری کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔
اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں کے منٹس کی توثیق، محنت کشوں کے لیے خیر سگالی کی بنیاد پر مالی امداد میں اضافے کی منظوری اور سیسی کے افسران کے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت عبدالسلام تھہیم کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے محکمہ محنت نے کراچی میں کینسر اسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کی منظوری دے دی ہے جبکہ ڈھرکی میں ڈسپینسری کی تکمیل کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ طبی شعبہ میں سروس ریگولیشنز 2023 میں ترامیم کی گئیں اور التمش میڈیکل کالج کراچی کے کلثوم بائی ولیکا اسپتال سائٹ کے ساتھ الحاق کی منظوری دی گئی ہے جبکہ کلثوم بائی ولیکا سوشل سیکیورٹی اسپتال میں نرسنگ کالج کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ وزیر محنت عبدالسلام تھہیم کا کہنا تھا کہ سیسی کے میڈیکل سرکلز اور ڈسپنسریوں کے اوقات کار میں تبدیلی اور مشیروں و ماہرین کے لیے خصوصی پیکیج کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دوا ساز کمپنیوں کو بقایاجات جبکہ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے فنڈز کی ادائیگیوں کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ کلثوم بائی ولیکا سوشل سیکورٹی اسپتال کی تزئین و آرائش، کینسر اسپتال کے قیام، اسپتالوں کے لیے طبی آلات کی خریداری اور کینسر کے لیے علاج کے لیے بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ قانونی مشیر، مشیر فنانس، اور آئی ٹی ڈائریکٹر کی تقرری کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سال 2024-25 اور 2025-26 کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری دی گئی ہے جبکہ مالی سال 2019-20 کے بیرونی آڈٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ شاہد عبدالسلام تھہیم کا آئی ٹی سے متعلق کہنا تھا کہ پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ذریعے جامع آئی ٹی حل کرنے کے معاہدے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ تمام فیصلے سندھ کے محنت کشوں،افسران اور طبی شعبہ کی بہتری کے لیے کئے گئے ہیں تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے ۔