نوجوان منشور پڑھ کرسیاسی جماعت کا فیصلہ کریں ،سعید غنی

نوجوان منشور پڑھ کرسیاسی جماعت کا فیصلہ کریں ،سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے ،اگر آج ہمارے نوجوان سیاست میں نہیں آئیں گے ، صرف کسی کیلئے نعرے لگائیں گے اور گھر چلیں جائیں گے تو مستقبل کیا ہوگا۔

 نوجوان سیاسی جماعتوں کا منشور پڑھیں، آئین پڑھیں اور پھر سیاسی جماعت کا فیصلہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اور یوتھ پارلیمنٹ کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان میں نوجوانوں کی آبادی 60 فیصد پر مشتمل ہے اور دنیا میں چند ممالک ہی ایسے ہیں جہاں نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد ہے ،یہ بہت عام طور پر کہا جاتا ہے کہ نوجوان مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جب میں نے پہلی دفعہ الیکشن لڑا تو اس و قت میری عمر 22 سے 23 سال یعنی آپکے برابر ہی تھی۔ کل میں چلا جاؤنگا تو کسی نہ کسی کو تو سامنے آنا ہوگا، لیکن بدقسمتی سے ہماری نئی نسل کو ایک منصوبے کے تحت غیر سیاسی کیا گیا ہے ۔ اگر آج ہمارے نوجوان سیاست میں نہیں آئینگے ، صرف کسی کے لیے نعرے لگائیں گے اور گھر چلیں جائیں گے تو مستقبل کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ نوجوانوں کو آگہی فراہم کرنے میں اہم کردار کررہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں