گلستان جوہر :واٹر ٹینک میں زہریلی گیس سے 2مزدور جاں بحق
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں گلستان جوہر بلاک 18 میں زیر تعمیر عمارت کے زیر زمین پانی کے ٹینک میں زہریلی گیس سے دم گھٹ کر 2 مزدور جاں بحق جب کہ تین بے ہوش ہوگئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی کے رضا ، ریسکیو 1122 اور شارع فیصل پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایچ او فیصل گل نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ گزشتہ 2 سال سے زیر تعمیر عمارت کے زیر زمین ٹینک کے ڈھکن کو صفائی کی غرض سے ہٹایا گیا تو معمولی دھماکا ہوا جبکہ ٹینک میں کچھ فٹ تک پانی موجود تھا ۔بعد ازاں ٹینک کی صفائی کیلئے 2 مزدور نیچے اترے تو وہ زہریلی گیس سے متاثر ہوگئے ۔ شبہ ہے کہ دونوں زہریلی گیس سے جاں بحق ہوئے جبکہ انہیں نکالنے کے لیے جانے والے دیگر تین مزدور بھی بے ہوش ہوگئے ۔ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق مزدورں کی شناخت 40 سالہ معید ، 30 سالہ احمد کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر 3 مزدورں 20 سالہ سرتاج ، 25 سالہ حیدر اور 27 سالہ نارین کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ بے ہوش افراد میں 2 کو جناح اسپتال بھیجا گیا جبکہ لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بے ہوش افراد کی طبعیت بہتر ہونے پر بیانات قلمبند کیے جائیں گے ۔