چیئر مین انٹر بورڈکامتنازع کیسز کی اسکروٹنی کا فیصلہ

چیئر مین انٹر بورڈکامتنازع کیسز کی اسکروٹنی کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کے وفدنے ممبر صوبائی اسمبلی محمد فارو ق کی قیادت میں انٹر میڈیٹ بورڈ کے چیئر مین امیر حسین قادری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انٹر سال اوّل کے پری میڈیکل و پری انجینئرنگ کے متنازع نتائج کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ انٹر میڈیٹ سال اوّل سائنس گروپ کے نتائج میں کراچی کے طلبہ و طالبات میں ایک بڑی تعداد فیل ہو ئی ہے ، اندازاً67فیصد بچے ایک سے زائد پرچوں میں فیل ہوئے ہیں۔وفد نے چیئر مین انٹر بورڈ کو بتایا کہ اس طرح کی سنگین غلطی اور بے قاعدگی نے نہ صرف طلبہ و طالبات اور ان کے والدین میں شدید غم و غصہ پیدا کیا بلکہ ہزاروں متاثرین کے مستقبل کو بھی داؤ پر لگا دیا ہے ۔ ایک ہی صوبے کے مختلف بورڈز کے نتائج میں نا قابلِ یقین فرق نے بورڈ کے طریقہ کار پر سوالیہ نشان اُٹھا دیے ہیں۔ امیر حسین قادری نے جماعت اسلامی کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کروائی،چیئر مین انٹر بورڈ نے کہا کہ تمام متنازع کیسز کی مکمل اسکروٹنی کروائی جائے گی۔ جو متاثرہ طلبہ و طالبات متعلقہ کاغذات کے ساتھ انٹر بورڈ کی کمیٹی سے رجوع کریں گے ان کے نتائج کی ہر ممکن طریقے سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی ایجوکیشن سیل کے انچارج ابن الحسن ہاشمی، سٹی کونسل کے ممبر تیمور اور نافع کے سربراہ پرویز احمد اورصہیب احمد بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں