ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کرینگے،میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر،آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب نے سنگم کرکٹ گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا میں ترقیاتی کام شروع نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس نوید احمد کو فوری طور پر معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کراچی میں تعمیر و ترقی کا سفر بھرپور طریقے سے جاری ہے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے بنائے گئے پارکس اور کھیلوں کے میدانوں کو ہر قیمت پر بحال کرکے بہتر بنایا جائے گا، نیا سال کراچی کی تعمیر و ترقی کا سال ہے ،کراچی کی روشنیوں، رنگوں،امنگوں اور امیدوں کو بحال کریں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام سنگم کرکٹ گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ میئر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اے ڈی پی اسکیم کے تحت سنگم کرکٹ گراؤنڈ میں ترقیاتی کام شروع ہوجانے چاہیے تھے جس سے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آتے اور مقامی سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی،کراچی میں نچلی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں، کھلے مقامات اور پارکوں کی بحالی کا مقصد عوام کو تفریح کی بہتر اور معیاری سہولیات مہیا کرنا ہے ، کراچی کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کام یکساں رفتار سے جاری ہیں اور موثر حکمت عملی کے تحت بنیادی انفرااسٹرکچر کو ترقی دی جا رہی ہے ، نئے سال کے دوران اور بھی بھرپور طریقے سے کراچی میں ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔
علاوہ ازیں لیاری کے دورے میں شہید واجہ احمد کریم داد فیملی پارک، مولا مدد پمپنگ اسٹیشن اور شکور شہید پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ منافقت کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ نیکی کے کام کریں اور لوگوں کو دکھائیں،ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے ، ڈیڑھ سال میں بہت کچھ کیا،ابھی اور مزید بہتری آئے گی،ہم بلاول بھٹو کے کام لوگوں کو بتائیں گے ،ہم سب ایک مقصد پر کار فرما ہیں اور بلاول بھٹو کے منشور کے مطابق کام ہوگا،ایک اچھا اور بہتر ہوتا کراچی دنیا کے سامنے پیش کریں گے ، وزیراعظم سے ڈیڑھ ماہ پہلے ملاقات ہوئی تو کراچی کا مقدمہ سامنے رکھا اور فنڈز دینے کا مطالبہ کیا، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی والوں اور ن لیگ والوں سے کہتے ہیں مل کر کام کریں، لیاری کے 9 پمپنگ اسٹیشنز کو بحال کیا گیا ہے ،سیوریج پمپنگ اسٹیشن کے اطراف کی سڑکوں کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں،ساڑھے تین ارب کی اے ڈی پی کے اشتہار جاری کیے ہیں، عوامی فلاح و بہبود کیلئے پیپلز پارٹی کے وعدے عملی شکل میں پورے ہو رہے ہیں،تمام ٹاؤنز میں ہمارے چیئرمین کام کریں گے ۔