لاڑکانہ میں مقابلہ،ڈرون کیمرے کے ذریعے مسروقہ بھینسیں برآمد
لاڑکانہ،سکھر (بیورورپورٹ)لاڑکانہ پولیس نے مبینہ مقابلے میں پہلی مرتبہ ڈرون کیمرے کا استعمال کرکے تین ملزمان کو زخمی کردیا۔۔
اور 4 مسروقہ بھینسیں برآمد کرلیں، اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نے بتایا کہ شہری زاہد حسین عباسی کی بھینسیں چھیننے کی اطلاع پر لاڑکانہ پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا اور مقابلے میں چاروں مسروقہ بھینسیں برآمد کرلیں ،تاہم ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ ادھر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش و مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات، چھینی جانے والی موٹرسائیکل اور 25 ہزار روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ علی گوہر آباد پولیس نے پھل روڈ سے منشیات فروش عبدالغفار جتوئی کو ڈیڑھ کلو چرس سمیت، اﷲ آباد پولیس نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث و مطلوب ملزم عمران عرف جانی میرانی کو پستول سمیت، سچل پولیس نے رائیس کینال فٹ برج سے ملزم عمران چاوڑو کو ریوالور اور گولیوں سمیت گرفتار کرلیا اور مقدمات درج کرلیے۔ سکھر پولیس نے نیو گوٹھ کے قریب گودام پر چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں گٹکا ، ماوا ، چھالیہ بنانے والا مٹیریل برآمد کرکے چار ملزمان محمد عامر بندھانی، شاہد بندھانی، فرقان بندھانی اور محمد فہیم انصاری کو گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جب کہ اے سیکشن پولیس نے ملزم ریاض کو گرفتار کر کے شراب کی 48بوتلیں برآمد کرلیں۔