ہتھنی سونیا کی ٹی بی کے مرض سے ہلاکت کا انکشاف
کراچی (رپورٹ:سید علی مہدی )کراچی سفاری پارک کی سونیا ہتھنی ٹی بی کے خطرناک مرض سے مری ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ، ہتھنی کو لاحق خطرناک مرض کا لاعلمی کے باعث علاج تک نہیں کیا جاسکا۔۔
عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز نے تینوں ہتھنیوں کو صحت مند قرار دیا تھا ۔ یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کی جانب سے ہتھنی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرلی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہتھنی کو لاحق خطرناک مرض سے متعلق لاعلمی کے باعث اسکا علاج تک نہیں کیا جاسکا ۔ جبکہ عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز ٹیم کی جانب سے مرنے والی ہتھنی سمیت دیگر دو ہتھنیوں کو طبی معائنہ کے بعدصحت مند قرار دیا تھا ۔ سونیا ہتھنی کی موت سے چند روز قبل چڑیا گھر سے مدھو بالا ہتھنی کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا ۔ فور پاز ٹیم کی جانب سے چڑیا گھر میں دو سال قبل بلڈ پیرا سائیڈ انفیکشن سے نور جہاں ہتھنی کی موت کے بعد تینوں ہتھنیوں کے ضروری ٹیسٹ اور ٹریٹمنٹ بھی کی گئی تھی اور دیکھ بحال کی جارہی تھی جس کے باوجود سونیا ہتھنی کے خطرناک مرض سے ہلاکت کے باعث متعلقہ حکام دیگر دو ہتھنیوں کی صحت کے حوالے سے بھی سخت تشویش کا شکار ہوگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مدھو بالا اور ملکہ دونوں ہتھنیوں کے ضروری ٹیسٹ کرنے سمیت صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔