میٹرک کے ضمنی امتحانات آج سے شروع،45مراکز قائم
کراچی(آن لائن)ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے تحت منگل (آج )سے شروع ہونے والے امتحانات ٹو (ضمنی)کے ایڈمٹ کارڈکے حصول کے لیے ہزاروں طلبہ بورڈ پہنچ گئے ۔ 14ہزار سے زائد طلبہ آج ہونے والے امتحانات میں شرکت کریں گے ۔
نجی اسکولوں کی لاپروائی اور عدم توجہ کے باعث طلبہ رل گئے ۔آج صبح کی شفٹ میں سائنس گروپ کا اسلامیات /اخلاقیات کا پرچہ ہے ۔شہربھر میں 45امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں لڑکوں کے لیے 25اور لڑکیوں کے لیے 20امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ گزشتہ روز ایڈ مٹ کارڈ کے حصول کے لیے ہزاروں طلبہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پہنچ گئے جس کے باعث بورڈ مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔بورڈ ملازمین اور طلبہ میں تلخ کلامی بھی ہوئی اور بورڈ انتظامیہ کو علاقہ پولیس طلب کرنا پڑ گئی۔ موجودہ صورتحال پر جب ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ظہیر بھٹو سے رابطہ کیا گیا تو اْن کا موقف تھا کہ نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے طلبہ کو بورڈ بھیج دیا جبکہ اسکولوں کو ایڈمٹ جاری کردئیے ہیں اور اْن کے ویب پورٹل پر بھی ایڈ مٹ کارڈ موجود ہیں تاہم یہ طلبہ وہ ہیں جن کے ایڈ مٹ کارڈ اسکول میں ہونے کے باوجود یہاں سے ایڈ مٹ کارڈ حاصل کرنے کے لیے بضد ہیں۔ تمام طلبہ کو ایڈ مٹ کارڈ جاری کریں گے ۔ اِن کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اتنی بڑی تعداد کبھی ضمنی امتحانات میں شریک نہیں ہوئی ۔