جام صادق پل اپریل میں مکمل کرنے کا اعلان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،اسٹاف رپورٹر) سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی یونیورسٹی روڈ سے عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا احساس ہے ، اس سال ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کی کوشش کریں گے ۔
کنزیومر ایسو سی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام کنزیومر روڈ سیفٹی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ جام صادق پل بھی اپریل 2025ء میں مکمل کرلیا جائے ۔ کراچی کے یونیورسٹی روڈ سے عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا احساس ہے ، ریڈلائن پروجیکٹ میں تاخیر کی کچھ وجوہات ہیں، کوشش ہے 2 سال میں مکمل کر لیں۔وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین سے ناواقف لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس نہیں ملنا چاہیے ، شہریوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔اُن کا کہنا تھا کہ بطور قوم ہماری ترجیحات تبدیل ہوتی جارہی ہیں، اگر ٹریفک پولیس ہمیں روک رہی ہے تو وہ ہماری بہتری کے لیے ہے ، ٹریفک کا سپاہی نیشنل ہیرو ہے ۔شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک پولیس کو مزید سہولیات دینے کی ضرورت ہے ، ہم سب کو مل کر اسے پروموٹ کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال ڈبل ڈیکر بسیں بھی چلانے کی کوشش کریں گے ، حکومت سندھ پہلی ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹریفک قوانین کا احترام کرنے ہی ضرورت ہے ، بچوں کو ٹریفک قوانین کے بارے پڑھانا چاہئے ، عوا کو آگہی کی بھی ضروت ہے ، چند لمحوں کی جلدبازی کی وجہ سے لوگ اپنی زندگی خراب کرتے ہیں اور دوسروں کے لئے بھی پریشانی کا سبب بنتے ہیں۔ کم عمر بچے اگر گاڑی چلاتے ہیں تو یہ ان کے والدین کی لاپرواہی اور غلطی ہے ، ٹریفک قوانین سے متعلق آگہی کے لئے میڈیا کردا ادا کرے ، صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہوتی، دیگر بھی بہت سے منفی نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں دیکھا کہ کراچی میں ٹریفک کے جوانوں کو چن چن کر ان کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، لیکن یہ پھر بھی ہمت نہیں ہارے ، ٹریفک پولیس کے جوان کڑی دھوپ اور شدید گرمی خواہ سردی میں یہ گھنٹوں کھڑے ہو کر کام کرتے ہیں۔ تقریب کے موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے روڈ سیفٹی میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے ٹریفک پولیس کے جوانوں اور کنزیومر ایسو سی ایشن پاکستان کے کارکنان کو بھی شیلڈز دیں۔