آبی قلت بڑامسئلہ،تدارک کے اقدامات کررہے ہیں ،میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت ہے جسے دور کرنے کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت اور سندھ حکومت کے تعاون سے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ہمارا وژن شہر میں پانی کی قلت کو دور کرنا ہے ،وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ کے فور منصوبے کو فوری مکمل کرنے کیلئے تمام فنڈز جاری کرے تاکہ پانی کا مسئلہ جلد حل ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی حب کینال کی تعمیر اور پرانی حب کینال کی بحالی کے منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر حب کینال سکندر علی بھی انکے ہمراہ تھے ۔ میئر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں پانی کے فوری اضافے کیلئے نئی حب کینال کی تعمیر اور پرانی حب کینال کی بحالی کا منصوبہ شروع کردیا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ نئی حب کینال کی تعمیر اگست اور پرانی حب کینال کی بحالی کا منصوبہ دسمبر 2025 تک مکمل کرلیا جائے ۔حب کینال منصوبے میں حب پمپنگ اسٹیشن رائزنگ مین اور حب فلٹر پلانٹ کو 80 سے 100 ملین گیلن تک اپ گریڈ کیا جائے گا ،منصوبے کی 12.72 بلین فکس لاگت ہے ۔انہوں نے کہا حب کینال منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کراچی میں پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا ۔