اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم تیز کی جائے گی،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس ہوا۔۔
جس میں 13اپریل کو شارع فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی یکجہتی غزہ مارچ میں اہل کراچی کی جوق در جوق لاکھوں کی تعداد میں شرکت بالخصوص خواتین کی غیر معمولی شرکت کر نے پر کراچی کے مردو خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے اظہار تشکر اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ امریکہ و اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت، اہل غزہ و فلسطین کی حمایت کی تحریک مزید تیز کی جائے گی اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے بدھ22اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل پر کراچی میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی اور ایک بار پھر پوری دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ کراچی کی تاجر برادری اور عوام فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ اجلاس میں 22اپریل کو کراچی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں بڑے پیمانے پر چھوٹی بڑی مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں و نمائندوں سے رابطے کیے جائیں گے ، کراچی کی سطح اور ہر ضلع کے تحت کمیٹیاں وفود تشکیل دیئے جائیں گے ، تاجر تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس بھی کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو بھی تیز کیا جائے گا ۔