کروڑوں کے فنڈز بے سود، باندھی شہر کھنڈر میں بدلنے لگا

باندھی (نمائندہ دنیا)باندھی شہر میں ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر عوام شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ گندگی کے ڈھیر،نکاسی آب کا ناقص نظام اور صاف پانی کی عدم دستیابی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔۔
کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہ مل سکا جب کہ باندھی شہر میں منتخب عوامی نمائندے مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔ کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز ہونے کے باوجود شہریوں کو نہ پینے کا صاف پانی میسر ہے ، نہ صفائی ستھرائی، اور نہ ہی نکاسی آب کا کوئی موثر نظام موجود ہے ۔شہر بھر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور آصف کالونی جیسے علاقوں میں گٹروں کا گندہ پانی سڑکوں سے ہوتا ہوا گھروں تک داخل ہو چکا ہے ۔ عوامی شکایات کے مطابق ڈرینج سسٹم کی ناکامی کا سبب وہ ناقص منصوبہ بندی ہے جو ایک مبینہ ہائی کلاس انجینئر کے تحت کروڑوں کے پروجیکٹ پر کی گئی۔ذرائع کے مطابق 80 لاکھ روپے کے بجٹ کے باوجود نہ کوئی پبلک پارک تعمیر ہو سکا، نہ ہی شہریوں کو دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ بارشوں کے موسم میں نکاسی آب کا کوئی مؤثر انتظام موجود نہیں اور پرانی نالیاں جو تقریباً 25 سال قبل بنائی گئی تھیں، آج بھی استعمال میں ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں موجودہ کونسلرز بری طرح شکست سے دوچار ہوں گے۔