پیر سے انسداد پولیو مہم، 3لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
پڈعیدن (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں قومی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون صدام حسین میمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام قادر کلہوڑو، ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالستار، پی ای او ڈاکٹر غلام علی سولنگی، ڈاکٹر وجے کمار اور تمام تحصیلوں کے سپروائزرز شریک ہوئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں 5 سال تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ گندم کی کٹائی کے لیے دوسرے علاقوں سے آنے والے افراد کے بچوں کو بھی لازمی قطرے پلائے جائیں۔انہوں نے ٹیموں کو گرمی کے پیش نظر جلد فیلڈ میں روانگی، ٹھنڈے پانی، او آر ایس کی فراہمی اور ویکسین کی کولڈ چین برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ تمام ٹیموں کو یونیفارم اور تعارفی کارڈز دیے جائیں گے جبکہ تمام ٹرانزٹ پوائنٹس پر بینرز اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ غلط رپورٹنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ویکسین، کیریئر، پوائنٹرز سمیت تمام مٹیریل کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے ۔اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام قادر چانڈیو اور فوکل پرسن ڈاکٹر وجے کمار نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع کے 5 سال تک عمر کے 3 لاکھ 42 ہزار 312 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کے لیے 1025 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔