مزدوروں کے حقوق کاتحفظ اولین ترجیح،وزیرمحنت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مزدور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔۔
حکومت مزدور دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور ٹریڈ یونینز کے تعاون سے تمام مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم نے مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں اداروں خصوصاً صنعتی اداروں میں مزدوروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں معروف مزدور رہنما اور پیپلز لیبر یونین کے صدر حبیب الدین جنیدی بھی شریک تھے جنہوں نے محنت کشوں کے مسائل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزدور شدید مشکلات کا شکار ہیں کام رُک رہے ہیں، سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، افسران کا رویہ محنت کشوں کے حق میں نہیں ہے ۔ بڑی محنت سے تمام ٹریڈ یونینز کو ساتھ ملا کر مزدوروں کا اعتماد بحال کیا ہے اور حکومت کے ساتھ مثبت ماحول میں بات چیت کی ہے تاکہ مسائل کا پائیدار حل نکلے ۔ قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مزدور طبقہ شدید مایوسی کا شکار ہے ۔حکومت کو محنت کشوں کے لیے فوری طور پر اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔ وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم نے مزدور نمائندوں کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے اور جلد ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مزدور طبقہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔