مویشی منڈی 1200 ایکڑ اور 20 بلاکس پر مشتمل ہوگی،ایڈمنسٹریٹر شہاب علی
کراچی(اسٹاف رپورٹر )ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی 2025 میں ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے کہا کہ تیسری بار ناردن بائی پاس پر مویشی منڈی لگ رہی ہے ۔۔
اس سے قبل 22 سال تک سپر ہائی وے پر مویشی منڈی لگتی رہی ہے ، مویشی منڈی 1200 ایکڑ اور 20 بلاکس پر مشتمل ہوگی۔ پریس کانفرنس میں مویشی منڈی ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے کہا کہ بیوپاریوں کو کھانا، پانی اور اور چارے سمیت تمام چیزیں باہر سے لانے کی اجازت ہوگی، منڈی کے آنے والے ہر رستے پر پٹرولنگ رہے گی، پارکنگ کی فیس میں 50 فیصد تک کی کمی کر دی گئی ہے ، بائیک کے 1600، گاڑی 3250، ٹرک 5000 تک وصولی ہوگی۔ مویشی منڈی ایک فیملی فیسٹیول کی طرح سجنے جارہی ہے ۔ خریداروں کیلئے فوڈ اسٹریٹ بھی سجائی جائے گی، 1200 ایکڑ پر 2 لاکھ بڑے جبکہ 1 لاکھ چھوٹے جانوروں کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ وی آئی پی بلاک میں 2 سے ڈھائی لاکھ فیس ہے جبکہ جنرل بلاک پر تمام سہولیات مفت ہونگی، جانوروں کی صحت کیلئے 50 فیصد رعایت پر اسٹالز لگائے جائیں گے ۔ ایڈمنسٹریٹر شہاب علی کا کہنا تھا کہ میئر کراچی اور دیگر حکام سے غیر قانونی منڈیوں کے حوالے سے بات ہوئی ہے ، افتتاحی تقریب آج ہوگی ،امید ہے میئر کراچی افتتاح کریں گے۔