روٹی ، نان ، پولٹری کی قیمتیں نو ٹیفکیشن کے مطابق رکھی جائیں، کمشنر کی ہدایت

کراچی(این این آئی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں ہفتہ واری جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی ہے ۔۔
کہ نوٹیفکیشن کے مطابق روٹی،نان اور پولٹری کی قیمتیں قائم رکھی جائیں اور عوام کو بھر پور سہولت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو بھر پور انداز میں کامیاب کیا جائے اور افسران اس مہم میں بذات خود حصہ لیں اور اپنے اپنے اضلاع میں دورے کر کے مہم کو چلانے میں پولیو ٹیم کی مدد کریں ۔انہوں نے ہیٹ ویو کے لئے لگائے گئے 484 کیمپس کے سلسلے میں ایڈیشنل کمشنرون سید غلام مہدی شاہ کو ہدایت کی کہ ان کیمپوں میں ٹھنڈا پانی ضرورت سے زیادہ ہو اور جو 139 میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں وہاں ہر قسم کی طبی سہولیات موجود ہوں اور ہر کیمپ پر میڈیکل اور دیگر اسٹاف موجود ہو انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ان کیمپوں میں کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے ہیٹ ویو کے آگاہی بینر لگائیں اور وہ اور اسسٹنٹ کمشنرز کیمپوں کا دورہ کریں۔