رواں سال 1500طلبہ ڈرائنگ امتحانات سے محروم

 رواں سال 1500طلبہ ڈرائنگ امتحانات سے محروم

کراچی (این این آئی)ڈائریکٹریٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری کراچی کی سستی اور غفلت کے باعث رواں سال 15سو سے زائد طلبہ ایلیمنٹری گریڈ ڈرائنگ (ای جی ڈی)اور انٹر میڈیٹ گریڈ ڈرائنگ (آئی جی ڈی)امتحانات دینے سے محروم ہوگئے ۔

 گزشتہ دس سال کے تعطل کے بعد ایلیمنٹری گریڈ ڈرائنگ اور انٹرمیڈیٹ گریڈ ڈرائنگ کے امتحانات2023اور 2024میں کراچی ریجن کے امتحانات ڈائریکٹریٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری نے منعقد کروائے تھے تاہم رواں سال جنوری یا فروری میں ای جی ڈی اور آئی جی ڈی کے امتحانات منعقد ہونے چاہیے تھے ۔ گزشتہ کئی سالوں سے ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن آف انسپکٹر ڈرائنگ حیدر آباد ان امتحانات کا انعقاد ہر سال باقاعدگی سے کرواتا رہا ہے تاہم 2012 کے بعد سے کراچی ریجن کے لیے یہ امتحانات معطل کئے گئے تھے اور 2023 میں دس سال بعد ان امتحانات کا انعقاد ممکن ہوسکا تھا۔ ایک بار پھر کراچی ریجن میں ای جی ڈی اور آئی جی ڈی کے امتحانات کا سلسلہ معطل ہونے خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ڈائریکٹریٹ کراچی کے مطابق 2023 میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ایک ہزار سے زائد اور گزشتہ سال 16سو زائد طلبہ نے ای جی ڈی اور آئی جی ڈی کے امتحانات دیے تھے اور رواں سال 15سو سے زائد طلبہ امتحانات میں شریک ہونے کے خواہشمند تھے تاہم 15سو سے زائد طلبہ مذکورہ امتحانات سے محروم رہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں