ائرپورٹ خودکش حملہ کیس کی سماعت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں کراچی ائرپورٹ کے قریب خودکش حملے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل صفائی شوکت حیات ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ گل نساء کی گرفتاری کو چھ ماہ ہو چکے ہیں، تاہم پولیس نے ابھی تک کیس کا حتمی چالان جمع نہیں کرایا۔
وکیل صفائی نے استدعا کی کہ پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان کو حتمی چالان کے طور پر تسلیم کیا جائے ۔ وکیل صفائی نے مزید کہا کہ کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ، اور ملزمہ پر لگائے گئے سہولت کاری اور کالعدم تنظیم سے روابط کے دستاویزات بھی فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ دستاویزات سندھ ہائی کورٹ میں ملزمہ کی درخواست ضمانت کے لیے پیش کی جانی ہیں۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 اپریل تک ملتوی کردی۔