غیر ملکی کپڑا اندرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی کارروائی ،لنڈے (استعمالی کپڑوں) کی آڑ میں بھاری مقدار میں غیر ملکی کپڑا اندرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی پیٹرولنگ ٹیم نے آر سی ڈی ہائی وے پر کی کارروائی کے دوران ٹریلر جس پر 40 فٹ کا کنٹینر لوڈ تھا روک کر کاغذات طلب کئے ،کسٹمز حکام کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے ٹرانسپورٹرز کی بلٹی پیش کی جس میں استعمالی کپڑا (لنڈا) ظاہر کیا گیا تھا۔کنٹینر کو کھول کر چیک کیا تو کنٹینر سے استعمال شدہ کپڑوں (لنڈا)کے بجائے نئے غیر ملکی کپڑوں کے رول/بنڈلز کی نشان دہی ہوئی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے عملہ نے ٹریلر کو اپنی تحویل میں لے کر تفصیلی جانچ پڑتال کے لئے اے ایس او کے گودام منتقل کیا ۔