مثبت عادات اپنانے سے ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے ، ڈاکٹر عمران

کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد عمران یوسف نے کہا کہ ہر کام مکمل یکسوئی اور پوری توجہ سے کرنا چاہیے ، مثبت عادات اپنانے سے ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے ۔
طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے تعلیمی اہداف متعین کریں اور پھر اُن اہداف کو حاصل کرنے کیلئے پورے انہماک سے تعلیم حاصل کریں، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو پُراعتماد بناتی ہے ۔ہر طالب علم کو مستقل مزاجی جیسی خوبی پیدا کرنی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کے ماہانہ اجلاس بہ عنوان ‘‘نونہالوں کی ذہنی صحت :تشویش،دباؤ، ڈپریشن اور تھکن کے چیلنجز ’’ میں اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان بھی شریک ہوئے ۔ ڈاکٹرعمران نے کہاکہ پاکستانی نونہالان اور نوجوانوں کیلئے شہید حکیم محمد سعید ایک بہترین قابل تقلید رول ماڈل ہیں،ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدرسعدیہ راشد نے جس طرح شہید پاکستان کے مشن کو آگے بڑھایا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ ہماری مشرقی تہذیب ہمارا اثاثہ ہے جو ہمیں رشتوں کا تقدس سکھاتی ہے ۔صلہ رحمی اور معاف کرنا صرف اعلیٰ اخلاق ہی نہیں بلکہ ہماری اپنی صحت کیلئے ضروری ہے ۔ غصہ غم ہمیں مستقل ذہنی دباؤ میں رکھتے ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہاکہ سوشل میڈیا نشے کی طرح لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرواچکا ہے اس کا کم سے کم استعمال ہونا چاہیے ۔ آن لائن کاروبار کئی مواقع فراہم کرتا ہے ۔