وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کا ماں کے رتبے کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کا ماں کے رتبے کو خراج تحسین

کراچی(این این آئی)ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ماں کے رتبے اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔

 دونوں رہنماؤں نے ماں کو معاشرے کا بنیادی ستون اور نئی نسل کی تشکیل میں کلیدی کردار قرار دیا۔وزیراعلی سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماں دنیا کی سب سے مخلص ہستی، بچے کی پہلی درسگاہ اور اولین دوست ہوتی ہے ، ماں اپنی پوری زندگی بچوں کی پرورش اور مستقبل سنوارنے میں صرف کر دیتی ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ماں کی دعائیں تقدیر بدلنے کی طاقت رکھتی ہیں اور اللہ تعالی نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھ دی ہے ، تعلیم یافتہ ماں مہذب معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے ، اس لیے ہر ماں کو تعلیم دلانا آئندہ نسلوں کی بہتری کے لیے ضروری ہے ۔دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ماؤں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری پیغام میں اسے ماں کی عظمت، قربانی اور شفقت کو سلام پیش کرنے کا دن قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی افواج کے بہادر جوان، ملک کی باہمت ماں کی تربیت کا نتیجہ ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہر محاذ پر کامیابی میں پاکستانی ماؤں کی دعاؤں اور تربیت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ ماں کی عزت، خدمت اور دعاؤں کو اپنی زندگی کا شعار بنانا ہم سب کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں