پاک فوج نے بھارت کے عزائم چکنا چور کردیے ،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان،وائس ٹاؤن چیئرمین ضیاء جامعی کے ہمراہ ڈی سی آفس تا7-Cاسٹاپ،غوث اعظم روڈ بفرزون پر شاہراہ ڈاکٹر فیروز کاافتتاح کردیا۔اہل محلہ و علاقہ مکینوں نے سڑک کی تعمیر پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی تاریخی فتح پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے نائب امیر ضلع وسطی عرفان حسن،ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان، وائس چیئرمین نارتھ ناظم آباد ضیاء جامعی،یوسی 4 کے چیئرمین ابرار،یوسی 5 کے چیئرمین سید نبیل ظفر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیاگیا ہے ، ہمیں توقع ہے کہ حکمران سرحد میں جیتی ہوئی جنگ کی طرح میز پرکیے جانے والے مذاکرات میں بھی فاتح بن کر لوٹیں گے ۔ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر،پہلگام واقعے پر الزام لگانے پر معافی منگوائی جائے ، معاہدہ سندھ طاس برقرار رکھا جائے ۔ بھارت نے ہندوتوامائنڈسیٹ کے تحت 7 مئی کی شب کو پاکستانی شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنایا ،پاکستانی عوام نے فوج کے ساتھ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے دشمن پر کاری ضرب لگا کر بھارت کے سارے عزائم چکنا چور کردیے ۔پاکستان کی شاہین صفت ائیر فورس نے بھارت کے غرورکو خاک میں ملاکر رکھ دیا۔