غیر قانونی مویشی منڈیاں لگانے پر مکمل پابندی،دفعہ144نافذ،ڈپٹی کمشنرز کو کارروائی کی ہدایت

کراچی(این این آئی)کراچی میں عیدالاضحی کے جانوروں کی فروخت کے لیے مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت دے دی گئی۔کمشنر کراچی کی جانب سے غیرقانونی منڈیوں کے خلاف دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔
جبکہ 9 مئی سے 9 جون تک غیر قانونی مویشی منڈیاں لگانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔حکم نامے کے مطاق ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ غیر قانونی مویشی منڈی قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور مال ضبط کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔حکم نامے میں بھینس کالونی، منگھوپیر، مندرہ گوٹھ سمیت شہر کے 7 اضلاع میں 14 مقامات پر مویشی منڈی لگانے کی اجازت دی گئی ہے ، اس کے علاوہ شہری علاقوں میں ٹریفک اور سکیورٹی مسائل سے بچا ؤکے لیے مخصوص مقامات پرمنڈی کی اجازت ہوگی۔کراچی کی انتظامیہ کے حکم نامے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ منڈی منتظمین کو صفائی، سکیورٹی اور شور کی روک تھام سے متعلق سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، تمام منڈیوں میں جانوروں کی باقیات اور فضلہ ٹھکانے لگانے کے لیے موثر نظام کی شرط بھی لگائی گئی ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی۔یاد رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے ۔