تیزرفتاری حادثات میں اضافے کی بڑی وجہ ، ناصر شاہ

کراچی (این این آئی) صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ تیز رفتاری ہے ۔
وہ یوتھ پارلیمنٹ اور محکمہ کھیل و امور نوجوانان، حکومت سندھ کے اشتراک سے منعقدہ روڈ سیفٹی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعور، قانون پر عمل درآمد، اور نوجوانوں کی شمولیت سے ہی ہم اس خطرناک رجحان پر قابو پا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پانچویں روڈ سیفٹی کانفرنس کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔ابتدائی کلمات میں چیئرمین یوتھ پارلیمنٹ رضوان جعفر نے کانفرنس کے موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کراچی میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح اموات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کراچی کے لیے مقامی ٹرین سسٹم اور بہتر پبلک ٹرانسپورٹیشن کی ضرورت پر زور دیاکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، پیر محمد شاہ نے کہا کہ کم عمری میں ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے جیسے عوامل حادثات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے ٹریفک ایجوکیشن کو اسکول اور کالج کی سطح پر رائج کرنے کی تجویز دی۔آئی جی پولیس کراچی، جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہری ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے ۔ اسمارٹ ٹریفک سگنلز، کیمرہ مانیٹرنگ اور فوری جرمانوں کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے ۔