گلشن ٹاؤن:18پارکس بحال، 8 ہزار اسٹریٹ لائٹس فعال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال ٹاؤن کی جانب سے بلاک 10، یوسی 7 میں واقع زبیر بن العلوم پارک اور سعد بن ابی وقاص پارک کی بحالی کے بعد افتتاح اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ کر دیا ہے ۔۔
جس پر علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی تقریب میں اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ ایڈووکیٹ سیف الدین، امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر، چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد، وائس چیئرمین یوسی 7 اسلم کلمتی، یوسی کونسلر طلحہ جنود، چیئرمین یوسی 4 فیاض الہدیٰ، وائس چیئرمین یوسی 5 آصف حسن اور وائس چیئرمین یوسی 8 آصف عبد الکریم سمیت دیگر منتخب بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے اور وہ ہمارے علاقوں میں کام کرنے کے روادار نہیں ۔ نعیم اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی کی بلدیاتی کارکردگی کراچی کے 9 ٹانز میں مثالی رہی ہے اور عوام جلد مزید ترقیاتی منصوبے بھی دیکھیں گے ۔ ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں گلشن اقبال ٹان میں 18 پارکوں کی بحالی، 8 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت اور 5 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی استرکاری مکمل کی گئی ہے۔