ریلوے اسٹیشن کے سامنے کچرا کنڈی سے تعفن پھیلنے لگا

حیدرآباد (رپورٹ :ثاقب سلہری )ریلوے اسٹیشن حیدرآباد کے بالکل سامنے واقع کچرا کنڈی شہری انتظامیہ کی غفلت اور۔۔
بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت بن چکی ہے ، جو نہ صرف اسٹیشن کی خوبصورتی کو بدنما بنا رہی ہے بلکہ قریبی اسپتال کے کے ایف اور رہائشی علاقے کے مکینوں کے لیے بھی شدید مشکلات کا باعث بن گئی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق میاں سرفراز ٹاؤن کی نصف یونین کونسلوں کا کچرا اس جگہ ڈالا جاتا ہے ۔ تعفن، دھواں اور وقفے وقفے سے لگنے والی آگ کے باعث انتہائی نگہداشت کے مریض متاثر ہو رہے ہیں جبکہ قریبی آبادی سانس اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے ۔پی ٹی آئی حیدرآباد ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محراب گل مہمند اور کمیونسٹ پارٹی ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری کامریڈ اقبال نے علاقہ مکینوں کی درخواست پر دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشن شہر کا چہرہ ہوتا ہے ، مگر حیدرآباد اسٹیشن کو کچرا کنڈی، قبضہ مافیا اور ٹرانسپورٹ مافیا نے بدصورتی کی علامت بنا دیا ہے ۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن سے شہر کی طرف جانے والے دونوں روڈز پر غیر قانونی ویگنوں اور کاروں کی پارکنگ نے گزرنے کا راستہ تنگ گلیوں جیسا بنا دیا ہے ۔مزید برآں ریلوے پولیس کی عدم موجودگی اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی غفلت کے باعث ریلوے اسٹیشن کے سامنے کا علاقہ ٹرینوں کی آمد کے وقت مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا ہے ۔ نہ چیکنگ ہے ، نہ نظم و ضبط۔انہوں نے حکومت سندھ، ڈی سی اور میئر حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے پر ایکشن لیا جائے ، ریلوے اسٹیشن کی خوبصورتی بحال کی جائے۔