یوم نکبہ پر شہریوں کا اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید احتجاج
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل سندھ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر یومِ نکبہ کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔۔
۔مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے ۔مظاہرے کی قیادت ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسداللہ بھٹو اور فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز ، بینرز اور فلسطینیوں کے حق واپسی کی علامت سمجھی جانے والی چابیاں اٹھا رکھی تھیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کے ناجائز وجود اور مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مقررین جن میں حسین محنتی، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ باقر زیدی، علامہ جعفر سبحانی، میجر (ر) قمر عباس، پاسٹر امانوئیل، علامہ امین انصاری اور دیگر شامل تھے ، نے کہا کہ آج فلسطینیوں پر ہر روز نیا نکبہ مسلط کیا جا رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے مسلم دنیا بالخصوص پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہ کیا جائے بلکہ اس سے تعلقات فوری منقطع کیے جائیں۔ مقررین نے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے دشمن بھارت کو مؤثر جواب دے کر پاکستان کا دفاع کیا۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل جانے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ واضح رہے کہ ملی یکجہتی کونسل نے 7 سے 16 مئی تک عشرہ نکبہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت ملک بھر میں مختلف احتجاجی مظاہرے اور یکجہتی کے پروگرام جاری ہیں۔