حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی،منعم ظفر

 حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مسلح ڈکیتی و اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اورنگی ٹاؤن کے 32سالہ کاشف احمد اور ۔۔

شادمان ٹاؤن کے 22سالہ انس شکیل کے گھر جاکر اہل خانہ و لواحقین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور اظہار تعزیت کیا۔منعم ظفر نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا،مرحومین کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔منعم ظفر نے شہر میں بڑھتی وارداتوں اور شہریوں کے تحفظ میں ناکامی پر سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی نااہلی وناقص کاکردگی کی شدید مذمت کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت شہریوں کو امن وتحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ، آئے روز شہر میں لوگ مسلح ڈکیتیوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں، شہری اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں، جماعت اسلامی مرحومین کے اہلخانہ کے ساتھ ہے ، آئینی،جمہوری اور قانونی طریقے سے انصاف دلوائیں گے ۔کاشف احمد کے یتیم بچوں کے تعلیمی اخراجات کیلئے الخدمت کے تحت انتظام کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ شہر میں امن و امان اور ڈاکوؤں سے نجات کے لیے پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے اور محکمہ پولیس میں کراچی کے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں