ٹینکر مافیا کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے

ٹینکر مافیا کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی مسلط کردہ آبی جارحیت،پانی کے بحران و حکومتی سرپرستی میں ٹینکر مافیا راج کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعہ کو شہر بھر میں 12اہم شاہراہوں و واٹر ہائیڈرنٹ پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیپا ہائیڈرنٹ، گلشن اقبال میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہرکا 50 فیصد حصہ پانی سے محروم ہے ۔ کراچی میں اس وقت شدید آبی بحران ہے اور پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی پر آبی جارحیت مسلط کی ہوئی ہے ،کراچی کا تباہ حال انفرااسٹرکچر سب کے سامنے ہے ، یونیورسٹی روڈ کو کھود کر تباہ کیا گیا۔ کراچی یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائین پروجیکٹ کی تعمیر اور پانی کی لائنوں میں کنڈا ڈالنے کے نتیجے میں لائنوں کو خراب کیا گیا۔ کراچی یونیورسٹی کے اندر پانی جمع ہونے کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ عوام پانی کے لیے ترس رہے ہیں، لیکن پیپلز پارٹی شہریوں کو ان کا حق دینے کے لیے تیار نہیں، ایسے حالات میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور حکمرانوں کو للکارنا جماعت اسلامی اپنا فرض سمجھتی ہے ،جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی اور ظالم حکمرانوں سے عوام کا حق لے کر رہے گی، کراچی میں پانی کے بحران و مسائل میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ایم کیو ایم بھی برابر کی شریک ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں