وزیر بلدیات کے تحت ہر محکمہ تباہی کا شکار ،سیف الدین

 وزیر بلدیات کے تحت ہر محکمہ تباہی کا شکار ،سیف الدین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کے چیئرمینوں کے ہمراہ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی سے ملاقات کی۔

 ملاقات میں ادارے کی ناقص کارکردگی، ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے ساتھ عدم تعاون اور صفائی ستھرائی کے غیر مؤثر نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی کو کچرے کا شہر بنا دیا گیا ہے ، وزیر بلدیات کے تحت ہر محکمہ تباہی کا شکار ہے ،خمیازہ کراچی کی عوام بھگت رہے ہیں ۔انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیر انتظام ٹھیکیدار کمپنیوں کی کارکردگی کو بھی انتہائی بد ترین قرار دیا ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بورڈکاغذوں میں بہت اچھے منصوبے بنارہا ہے لیکن زمینی صورت حال اس کے بالکل برعکس ہے ،ضلع ،ٹاؤن اور یوسیز کی سطح پر بھی بہت سارے عملے کی کارکردگی صرف سیاسی وفاداریوں تک محدود ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ بورڈ کا فوری آڈٹ کرایا جائے ، کرپٹ افسران کو برطرف اور صفائی کے اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو واپس دیے جائیں تاکہ عوامی مسائل کو ان کے منتخب نمائندے خود حل کر سکیں۔انہوںنے اس امر پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو نظر انداز کر کے یکطرفہ فیصلے کیے جا رہے ہیں جس سے کاکردگی مایوس کن ہے ۔ایم ڈی نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں