منعم ظفر نے گلشن اقبال میں یوتھ سینٹرکا افتتاح کردیا

منعم ظفر نے گلشن اقبال میں یوتھ سینٹرکا افتتاح کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد، وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی، نائب امیر ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر کے ہمراہ کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر، اوپن ائیر جم، انڈور گیم، لائبریری پر مشتمل ’’گلشن یوتھ سینٹر ‘‘کا افتتاح کردیا۔ بعدازاں ٹیبل ٹینس، لائبریری اور اوپن ائیر جم کا دورہ بھی کیا۔منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلشن اقبال ٹاؤن کی جانب سے یوتھ سینٹر کا قیام یوتھ کے لیے بہترین تحفہ ہے ۔

 نوجوان ہمارے ملک کا 65 فیصد حصہ ہیں،اوپن ائیر جم، لائبریری اور انڈور گیم ہر نوجوان کی ضرورت ہے ۔ نوجوان طبقے کے لیے تعلیم اور صحت کی سرگرمیاں فراہم کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے ۔ ڈائریکٹر پارک اور ڈائریکٹر لائبریری کو نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔شہر میں بے شمار مسائل ہیں، پانی و بجلی موجود نہیں، شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے ۔ کراچی کے شہریوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے ، ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور بقیہ اختیارات و وسائل جدوجہد اور مزاحمت سے حاصل کریں گے ۔چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فوادنے کہاکہ جماعت اسلامی کی ٹیم اور ٹاؤن کی جانب سے گلشن اقبال ٹاؤن کے نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر تحفہ ہے ۔ آج یوتھ سینٹر ان نوجوانوں کو سامنے رکھتے ہوئے قائم کیا گیا جس کا پاکستان میں 65 فیصد حصہ ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں