شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا دہرا غذاب دو رانیہ 16گھنٹے ہوگیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی کہ الیکٹرک کی جانب سے شہر قائد کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے شدید گرمیوں میں شہریوں کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جبکہ گھروں میں موجود خواتین اور بزرگوں اور بچوں کو گرمی کی وجہ سے اذیت کا سامنا بھی ہے ، سٹی ریلوے کالونی بس روڈ اور ہجرت کالونی کے مکینوں نے شاہین کمپلیکس کے قریب قائم کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین میں خواتین بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گرمی بڑھتے ہی طویل سے طویل تر ہو گیا ہے اور کے الیکٹرک کا عملہ ان کی شکایات پر شنوائی کرنے کے بجائے طفل تسلیاں دے کر گزارا کر رہا ہے ۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لیاری، کورنگی، لانڈھی، ناتھا خان گوٹھ،شاہ فیصل کالونی ،نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی، ناظم آباد، ملیر، قائدآباد اور ایف بی ایریا کے مختلف بلاکس میں مسلسل لوڈشیڈنگ جاری ہے ،طویل لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔
علاوہ ازیں گڈاپ کے درجنوں گوٹھوں میں کئی دنوں سے مسلسل بجلی کی بندش اور 16 سے گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف سیکڑوں مکینوں نے کے الیکٹرک کے خلاف سخت احتجاج کیا اور مظاہرین نے ٹائر جلاکر کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے گڈاپ یوسی چیئرمین مبارک گبول اور دیگر نے کہا کہ گڈاپ کے مختلف علاقوں اور دیہاتوں میں کئی روز سے بجلی بند ہے ۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کا بڑا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے ۔ کے الیکٹرک انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو ہم ان کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے ، جب تک بجلی بحال نہیں ہوتی ہم ان کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے ۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 30 فیصد علاقوں میں بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کا سامنا ہے ، ان علاقوں میں بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ۔