محکمہ داخلہ کے احکامات نظرانداز،غیر قانونی سلنڈرزکی دکانوں کیخلاف کارروائی نہ ہوسکی

محکمہ داخلہ کے احکامات نظرانداز،غیر قانونی سلنڈرزکی دکانوں کیخلاف کارروائی نہ ہوسکی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات کے باوجود کمشنری نظام نے غیر قانونی گیس سلنڈرز کی دکانوں کے خلاف آپریشن کا آغاز نہیں کیا شہر میں 7ہزار سے زائد غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانیں کسی بھی وقت بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہیں۔

شہر میں تقریباً 7ہزار سے زائد غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانیں قائم ہیں زیادہ تر دکانیں رہائشی آبادی میں موجود ہیں جس کی وجہ سے یہ خدشہ برقرار ہے کہ یہاں پر کوئی بڑا سانحہ پیش آسکتا ہے ۔ایک سروے کے مطابق منگھوپیر ، گڈاپ ، شاہ لطیف ، ملیر ، کیماڑی ، بلدیہ ، اورنگی ٹائون ، سہراب گوٹھ، شاہ فیصل کالونی ، اولڈ سٹی ایریا، لائنز ایریا، پٹیل پاڑہ ، اور کورنگی میں جگہ جگہ قائم غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانیں کمشنری نظام کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کررہی ہیں۔محکمہ داخلہ سندھ نے گیس سلنڈر دھماکوں میں کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا تھا لیکن کراچی کے کسی بھی ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے کام شروع نہیں کیا ، شہریوں کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ کراچی کے کمشنری نظام کو کسی سانحے کا انتظار ہے یہی وجہ ہے کہ رہائشی آبادیوں میں غیر قانونی گیس سلنڈرز کے خاتمے کیلئے کمشنری نظام سنجیدہ نہیں ہے ۔ کچھ عرصہ قبل نمائشی طور پر کارروائیاں کی گئیں ۔دوسری جانب اعلیٰ حکام کا دعویٰ ہے کہ جلد غیر قانونی گیس سلنڈرز کی دکانوں کے خلاف ایکشن ہوگا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں