مکانات تعمیر کرنے والوں سے بھتہ وصولی پھر شروع

مکانات تعمیر کرنے والوں سے بھتہ وصولی پھر شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی انکروچمنٹ فورس کے بدعنوان اہلکاروں نے مکانات تعمیر کرنے والے شہریوں سے ایک بار پھر بھتہ طلب کرنا شروع کردیا ہے متاثرین نے متعلقہ تھانوں میں تحریری شکایت جمع کروادی ہیں جبکہ کے ڈی اے افسران کا کہنا ہے کہ اسکیم 41 سرجانی ٹائون اور کورنگی ٹائون شپ میں آئے روز بھتہ طلبی کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس تمام صورتحال سے متعلق چیف سیکریٹری سندھ کو تحریری پر آگاہ کیا جائے گا ۔دنیا نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق کے ڈی اے کی اسکیم 41 سرجانی ٹائون میں اینٹی انکروچمنٹ فورس کے بدعنوان اہلکار خرم نے بھتہ خوری کی غیر اعلانیہ مہم شروع کررکھی ہے ۔ اس ضمن میں سرجانی ٹائون پولیس اسٹیشن میں امید علی قاضی نامی شہری نے ایک درخواست جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدیق گوٹھ سرجانی ٹائون میں اس کی بہن کا گھر ہے جس کی خستہ حال دیوار کی مرمت کا کام جاری تھا اس دوران خرم نامی شخص جس نے خود کو اینٹی انکروچمنٹ فورس کا اہلکار ظاہر کیا اور 20 ہزار بھتہ طلب کیا اور یہ دھمکی دی کہ اگر رقم نہ دی تو تعمیری کام بند کرواکے مزدور اٹھاکر لے جائے گا جبکہ اس تمام صورتحال پر جب کے ڈی اے کے متعلقہ افسران سے رجوع کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کی رپورٹ فوری تھانے میں کی جائے پولیس اس بدعنوان اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے ۔ دوسری جانب کے ڈی اے حکام نے بتایا کہ نہ صرف سرجانی ٹائون بلکہ کورنگی ٹائون شپ میں بھی کے ڈی اے کی اراضی پر جو شہری اپنا مکان تعمیر کررہا ہوتا ہے اس سے اینٹی انکروچمنٹ فورس کے بدعنوان اہلکار بھتہ مانگنے آجاتے ہیں کے ڈی اے کے پاس روزانہ کی بنیاد پر درجنوں شکایات آرہی ہیں کچھ عرصہ قبل بھی خرم نامی اینٹی انکروچمنٹ فورس کا اہلکار بھتہ وصول کرتے ہوئے کے ڈی اے عملے نے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا ۔کے ڈی اے افسر نے مزید بتایا کہ شہریوں کی شکایت کی روشنی میں کے ڈی اے نے ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے اور اس مسئلے کو جلد چیف سیکریٹری سندھ کے سامنے اٹھایا جائے گا پوری کوشش کی جائے گی کہ ایسے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے دوسری جانب اینٹی انکروچمنٹ فورس کے افسران نے بھتہ طلبی کے معاملے پر کہا ہے کہ کسی شہری کو کوئی شکایت ہے تو وہ ڈایکٹر اینٹی انکروچمنٹ فورس کے دفتر سے رجوع کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں