سینیٹر روبینہ خالد کی چیف سیکر ٹری سے ملاقات، بی آئی ایس پی ادائیگیوں پرگفتگو
کراچی(نیوز ایجنسیاں )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی جس میں صو بہ میں بی آئی ایس پی کی افادیت بڑھانے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے ۔۔
امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں متعدد اہم پہلوؤں پر غور کیا گیا جن میں بی آئی ایس پی کے ادائیگی مراکز پر سکیورٹی اور لاجسٹکس کے انتظامات کو موثر بنانے پر زور دیا گیا تاکہ مستحق خواتین کو رقوم کی تقسیم بغیر کسی تاخیر کے یقینی بنائی جا سکے ۔ اجلاس میں سندھ حکومت اور بی آئی ایس پی کے عملے کے درمیان مربوط حکمت عملی اور مشترکہ اقدامات کو یقینی بنانے پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ ادائیگیوں کے دوران درپیش شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے ۔مزید برآں سندھ بھر میں بی آئی ایس پی دفاتر کے قیام کے لیے مناسب سرکاری اراضی کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ موثر سروس ڈیلیوری اور مستحقین تک آسان رسائی ممکن بنائی جا سکے ۔ اس کے ساتھ ساتھ، سندھ حکومت کے مجوزہ ہاسنگ منصوبے میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کی شمولیت کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔