سٹی کونسل کے اراکین کاپانی کی عدم فراہمی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں سٹی کونسل کے اراکین نے سٹی کونسل کے اجلاس سے قبل احتجاجی مظاہرہ کیا ۔۔
اور شہر میں پانی کی عدم فراہمی، ٹینکر مافیا کی حکومتی سرپرستی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت شہریوں کے بے شمار مسائل،قابض میئر کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر بھر پور احتجاج کیا۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہریوں کے بنیادی اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سٹی کونسل میں بھی آواز اُٹھائیں گے اور سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے ، چین سے نہیں بیٹھیں گے اور کراچی کے عوام کے حقوق لے کر رہیں گے ۔ عید الاضحیٰ کے بعد بھر پور احتجاجی تحریک شروع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی پر آبی دہشت گردی مسلط کی ہوئی ہے ، قابض میئر ایک پیرا شوٹر ہیں اور پیپلز پارٹی کراچی اور ملک کے لیے ایک جونک کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت گلی محلوں میں پانی نہیں آرہا، لوگ بے چین ہیں اور روزانہ سڑکوں پر نکل ک احتجاج کرتے ہیں، بجلی کے حوالے سے بھی عوام شدید پریشان ہیں۔