سندھ ہائیکورٹ : غیر قانونی کیبن نہ ہٹانے والوں کےخلاف مقدمات درج کرانے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا، مین پوری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کے خلاف کیس میں غیر قانونی کیبن نہ ہٹانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں کورنگی اور ملیر میں فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی کیبنزکے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو فٹ پاتھوں سے کیبن نہیں ہٹاتا، اس کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے ۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ گٹکا، ماوا اور مین پوری کی فروخت سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ان کے استعمال سے کینسر جیسے مہلک امراض پھیل رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل مزمل ممتاز ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کیبنز صرف کورنگی اور ملیر میں ہی نہیں بلکہ پورے کراچی شہر میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر لگے ہیں۔ ان کی موجودگی نہ صرف عوامی راستوں میں رکاوٹ ہے بلکہ یہاں سے مضر صحت اشیاء کھلے عام فروخت کی جا رہی ہیں۔ مزمل ممتاز ایڈووکیٹ نے عدالت کو یاد دہانی کرائی کہ عدالت کی جانب سے پہلے ہی کراچی میں گٹکا، ماوا اور مین پوری کی فروخت پر پابندی عائد کی جا چکی ہے تاہم اس پابندی پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ جب تک فٹ پاتھوں سے غیر قانونی کیبنز نہیں ہٹائے جاتے اس وقت تک ان اشیاء کی فروخت پر قابو پانا ممکن نہیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ سے غیر قانونی کیبنز اور گٹکے کی فروخت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے ۔