غیر ضروری درخواست گزار پر دو لاکھ روپے جرمانہ

غیر ضروری درخواست گزار پر دو لاکھ روپے جرمانہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی سیکٹر 41-A میں پارک کی اراضی پر مبینہ تجاوزات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران بے بنیاد عدالتی کارروائی۔۔

 اور عدالت کا وقت ضائع کرنے پر شہری درخواست گزار پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ عدالت میں کے ڈی اے کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ 100 فٹ چوڑی روڈ پر کچھ تجاوزات تو قائم ہیں لیکن مذکورہ مقام پر کوئی پارک موجود نہیں۔ دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل عبد الحمید یوسفی نے موقف اختیار کیا کہ وہاں ماضی میں پارک موجود رہا ہے اور اب اس گرین بیلٹ پر غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہیں جو ان کے گھر کے بالکل سامنے ہیں۔ کے ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کچھ سیاسی عناصر اس زمین پر قبضے کے لیے پہلے اسے پارک ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ بعد میں اس پر دعویٰ کیا جا سکے ۔ جسٹس اقبال کلہوڑو نے درخواست گزار کی جانب سے پیش کردہ غیر سرکاری تصاویر اور دعووں پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی جیب سے نجانے کیا کچھ نکال کر لا رہے ہیں جبکہ ہمارے پاس کے ڈی اے کا آفیشل لے آؤٹ پلان موجود ہے ، لے آؤٹ پلان کی موجودگی میں دیگر غیر مصدقہ دستاویزات کی کوئی حیثیت نہیں۔ ہم وہ طریقہ اختیار کریں گے کہ دوبارہ عدالت کا وقت ضائع کرنے کی کسی کو اجازت نہ ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں