تیز رفتارٹریلر بے قابو ہو کر ریلنگ توڑتا ہوا پل کے کنارے سے لٹک گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)نیٹی جیٹی کے قریب واقع آئی سی آئی پل پر تیز رفتاری کے باعث ایک ٹریلر بے قابو ہو کر ریلنگ توڑتا ہوا پل کے کنارے سے لٹک گیا۔
خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق بھاری بھرکم ٹریلر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور پل کی حفاظتی ریلنگ توڑ کر آدھا حصہ نیچے کی جانب لٹک گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور چھیپا کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔چھیپا ذرائع کے مطابق حادثے میں جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ ٹریفک پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ڈرائیور کو بحفاظت نکال لیا گیا ۔پولیس حکام کے مطابق ٹریلر کا اگلا حصہ پل کے کنارے سے نیچے کی طرف لٹکا ہوا ہے ، جسے ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی۔