پارک کی زمین پر قبضہ،کمشنر و دیگر فریقین سے جواب طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شاہ فیصل کالونی میں پارک کی زمین پر قبضے کیخلاف درخواست پر کمشنر کراچی، ٹاؤن چیئرمین سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے۔۔
سماعت گرمیوں کی تعطیلات تک ملتوی کردی ہے ۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں شاہ فیصل کالونی میں پارک کی زمین پر قبضے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیئرمین ٹاؤن شاہ فیصل کے وکلا نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔ تعمیرات کرنے والا بلڈر کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے کمشنر کراچی، ٹاؤن چیئرمین سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت گرمیوں کی تعطیلات تک ملتوی کردی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا تھا کہ شاہ فیصل کالونی کے قائد اعظم پارک پر نامعلوم افراد کی جانب سے قبضے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کے ایم سی نے مذکورہ پارک کا کنٹرول ٹان میونسپل کارپوریشن کو منتقل کیا تھا۔ مبینہ طورپر پارک کے گرد دیوار بنا کر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی تھی۔ ڈی جی پارکس، کمشنر کراچی سمیت دیگر حکام کو شکایت کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈننس کے تحت رفاہی پلاٹ کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ رفاہی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیوں کے خلاف سپریم کورٹ کے بھی متعدد فیصلے موجود ہیں۔ قائد اعظم پارک میں تجاوزات اور تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا جائے ۔ کے ایم سی، کمشنر کراچی، پولیس و دیگر کو تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا جائے ۔ فریقین کو پارک کی اراضی کسی مقصد کے استعمال سے روکنے کا حکم دیا جائے ۔