شہری غیر محفوظ،ہتھیارکا حصول یقینی بنائیں، آفاق احمد

کراچی(این این آئی)مہاجرقومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد گزشتہ روز ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہید ہونے والے شاہ فہد اور محمد امین کے گھر گئے۔۔
اور انکے لواحقین سے علیحدہ علیحدہ تعزیت کی۔آفاق احمد کے پہنچتے ہی دونوں جگہ کے مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور جرائم پیشہ سرگرمیوں میں پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ اپنے شہر اور شہریوں کے حق میں ہرسطح پر آواز اٹھارہی ہے اوراٹھاتی رہیگی۔ جب تک تھانے فروخت ہوتے رہینگے اور پولیس قیام امن کے بجائے رقوم بٹورنے کو اپنی ڈیوٹی سمجھے گی،کراچی پورے ملک کے جرائم پیشہ افرادکی جنت بنا ر ہے گا۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی معیشت میں کلیدی کردارادا کرتا ہے ، اسے مزید تباہ کرنے کے بجائے مقامی لوگوں کو انکاشہر سنبھالنے کیلئے پولیس میں بھرتی کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس کے بغیر کراچی کے شہری غیر محفوظ رہینگے ،انہیں اس وقت مہنگے فون کی نہیں جان بچانے کیلئے ہتھیاروں کی ضرورت ہے ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ہتھیاروں کے لاکھوں لائسنس پاکستان کے شہریوں کو فصلوں کے کیڑے مارنے کیلئے جاری نہیں کئے اپنی حفاظت کیلئے جاری کئے ہیں، کراچی کے شہری غیر محفوظ ہیں وہ بھی لائسنس اور ہتھیارکے حصول کو یقینی بنائیں۔آفاق احمد نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ جو ڈاکوکراچی کے معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں ناصرف انکے کیسز کی پیروی سے گریز کریں بلکہ انہیں انکے جرم کی سزا دلانے میں اپنا ہر ممکن کردارادا کریں۔