تجاوزات کے خلاف درخواست پرمیئر کراچی ذاتی حیثیت میں طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے گولیمار کھجی گراؤنڈ میں تجاوزات کے خلاف درخواست پر آئندہ سماعت پر میئر کراچی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے ۔ دوران سماعت ٹی ایم سی ناظم آباد کی جانب سے عملدرآمد رپورٹ جمع کروائی گئی۔
ٹی ایم سی ناظم آباد کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کھجی گراؤنڈ سے کچرا صاف کردیا گیا ہے ، گراؤنڈ کی بحالی کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 36 کروڑ مالیت کا منصوبہ جاری ہے ، کھجی گراونڈ سے پولیس اسٹیشن ہٹانا ٹاؤن کے انتظامی دائرہ اختیار میں نہیں ہے ۔ دوران سماعت کے ایم سی کی جانب سے جواب کے لئے مہلت کی استدعا کی گئی۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے نکاسی آب کیلئے استعمال کی گئی زمین کے معاوضہ کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ گھارو انڈسٹریل ایریا میں 12 ایکڑ زمین نکاسی آب کے لئے استعمال کی گئی، 12 ایکڑ اراضی کی مد میں صرف 7 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا گیا، معاوضہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے دیا جائے۔