بچے کا اسکول سے باہر ہونا نظام کی ناکامی ، آصف حیدر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونیسیف پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد نے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی جس میں سندھ میں اسکول سے باہر بچوں اور نوعمروں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے 5 سالہ جامع روڈ میپ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران چیف سیکریٹری اور یونیسف کے وفد نے اس منصوبے کے بنیادی نکات کا جائزہ لیا جس کا مقصد آئندہ پانچ برسوں میں سندھ میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی لانا ہے ۔ آصف حیدر شاہ نے حکومت سندھ کی مکمل وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کیلئے تمام محکموں کا اشتراک اور اعلیٰ سطح پر قیادت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول سے باہر بچوں کا مسئلہ صرف تعلیم تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک کثیر شعبہ جاتی چیلنج ہے جو ماں کی صحت، بچے کی غذائیت، بروقت پیدائش کی رجسٹریشن، غربت، سماجی رویوں اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے جڑا ہوا ہے ۔ جب ایک بچہ اسکول سے باہر ہوتا ہے تو یہ صرف تعلیمی نہیں بلکہ پورے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے ۔ اس مسئلے کا حل صرف تعلیمی میدان میں نہیں، بلکہ ہمیں زندگی کے تمام مراحل اور تمام متعلقہ شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ یونیسف کے وفد نے حکومت سندھ کے شواہد پر مبنی اور تمام شعبوں کو شامل کرنے والے موثر انداز کو سراہا اور مکمل تکنیکی و حکمت عملی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔