ٹرانسپورٹرزبھاری گاڑیوں میں جلد ٹریکر لگائیں،کمشنر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ میری دلی خواہش ہے کہ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کے تمام جائز مسائل حل کروں کیونکہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ملک کی معیشت کے لئے اہم کر دار ادا کر رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم تشکر اور ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ آج ہم یوم تشکر کی اس باوقار تقریب میں اللہ تعالی اور افواج پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہیں کہ انھوں نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ کمشنرنے اس موقع پر ٹرانسپورٹ برادری کو ہدایت دی کہ وہ دفعہ 144 کی پابندی کریں اور اپنے ڈ مپر، ٹریلر اور ٹینکروں میں آ ئی ٹی سم اور ٹریکرکو جلد از جلد لگائیں۔ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اور کراچی بندرگاہ پر موجود مسائل کو حل کرنے کے لئے میں اور سندھ حکومت بھر پور کوشش کر رہی ہے جس کے نتائج جلد آپ کے سامنے آجائینگے ۔ قبل ازیں ایسوسی ایشن کے صدر طارق گجر نے کمشنر کر اچی کے گوش گزار ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل پیش کئے تقریب سے حاجی محمد یوسف خان اور حماس خان لودھی نے بھی خطاب کیا تقریب میں غلام یاسین نیازی ،ملک شیر اعوان، نثار جعفری اور ٹرانسپورٹ سے متعلق متعدد شخصیات نے شرکت کی۔