کارآمد کچرا ری سائیکل کرنے کے اقدامات خوش آئند ،میئر
کراچی (این این آئی)میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کے ہمراہ ضلع جنوبی میں کچرا ریسائیکل پلانٹ،مٹیریل ریکوری فیسیلیٹی(ایم آر ایف) کا دورہ کیا۔۔
انہوں نے دورے کے دوران کہا کہ پلاسٹک اور دیگرکچرے کوقابل استعمال بنانے کے لئے کچرے کو علیحدہ کرنے اور حاصل ہونے والے کارآمد کچرے کو ریسائیکل کرنے کے اقدامات خوش آئند ہیں۔انہوں نے آئسس کمپنی کے پلانٹ پر پلاسٹک ریسائیکل سے سیوریج مین ہولزکے ڈھکن بنانے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ میئر کراچی نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ اورضلع جنوبی میں صفائی کا کام انجام دینے والی کمپنی آئسس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پرکچرے کو قابل استعمال بنانے اورشہر سے کچرے کا خاتمہ ہمارا ویژن ہے اس طرز کے اقدامات کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے متعدد پروجیکٹس پر کام جاری ہے جلد ہی شہر کی صفائی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ آئسس کمپنی کے ڈائریکٹر ضیاا لدین نے مئیر کراچی کو بریفنگ میں بتایا کہ ایم آر ایف پلانٹ پرکلفٹن کے ایریا سے گھر گھر سے اور اپارٹمنٹ سے کچرا لایا جا رہا ہے اور پلانٹ پر پلاسٹک، گتہ، ریپر ودیگر اشیا کو علیحدہ کیا جاتا ہے اور اس کی گڈیاں بنا کر قابل استعمال بنانے کیلئے فراہم کردیا جاتا ہے۔