پی ایم ٹی چوری کی کوشش،ملزم فائرنگ سے ہلاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جیکسن تھانے کی حدود، کیماڑی جنگل شاہ یارڈ کے قریب پی ایم ٹی چوری کی کوشش کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔۔
۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب چار مسلح ملزمان نے ایم ڈی یارڈ کے قریب کھمبے پر نصب پی ایم ٹی کو اتار کر نیچے گرا دیا۔ شور سن کر یارڈ کی سکیورٹی پر مامور افراد وہاں پہنچے تو گارڈز نے ملزمان کو شور مچا کر روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ چور شدید زخمی ہوگیا جبکہ باقی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔زخمی ملزم کو سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے ۔اسی واقعے میں زخمی ہو کر فرار ہونے والے ایک اور ملزم ساحل کو جیکسن پولیس نے بعد ازاں جناح اسپتال سے گرفتار کر لیا جس نے اسپتال پہنچ کر غلط بیان دیا کہ اسے کیماڑی بدر گراؤنڈ کے قریب ڈاکوؤں کی گولی لگی ہے ۔ تاہم پولیس نے مزید تفتیش کی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ مضروب بھی چور ہے جو یارڈ میں پی ایم ٹی چوری کرنے کی کوشش کے دوران زخمی ہوا تھا ۔